کراچی ( ) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی نے سیاست کو سیاست برائے مخالفت سے بدل کر عوامی خدمت بنا دیا ہے ہم اپنی بدترین مخالف جماعت کے میئر کے لیے اختیار مانگ رہے ہیں اور تمام جماعتوں کے عوام کے مسائل کیلئے کیے جانے والے احتجاج کو سراہتے ہیں ، اس احتجاج میں ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے اگر ہماری پچھلی جماعت عوامی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہوتی تو کبھی نہیں چھوڑتے ان خیالات کا اظہار انہوں کراچی پریس کلب کے باہر پندرویں روز احتجاجی کیمپ سے کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئی خواتین و حضرات اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ عوام کا حق ہے جسے بہتر سمجھیں ووٹ دیں عوام اگر ہمیں ووٹ نہ بھی دیں تو ہمیں فکر نہیں کیونکہ سیاست ہماری روٹی روزی نہیں پاک سرزمین پارٹی پارٹی نے سوئے ہوئے لوگوں کو جگا دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم یہاں فٹ پاتھ پر مچھروں میں بھی آرام سے سو رہے ہیں لیکن حکمرانوں کی محلوں میں بھی نیندیں حرام ہیں اگر دس لاکھ لوگ لے کر سڑکوں پر نکل پڑے تو حقوق لے کر ہی واپس ہوں گے ہمیں میئر کے لئے اختیار چاہیے تاکہ عوام ان سے اپنے مسائل حل کروائیں انہوں نے کہا کہ میں خود احتجاج میں آگے چلوں گا تمام پولیس والے بھی ہمارے ساتھ ہونگے کیونکہ ان کے بچوں کے مستقبل کا بھی سوال ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کےٹرانسپورٹرز سے کہتا ہوں ہمارے بتائے ہوئے مقام تک فری ٹرانسپورٹ مہیا کریں ہم کسی کو ووٹ، کھالیں، زکوۃ اور فطرۃ مانگنے کے لئے نہیں بلا رہے انہوں نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کی ریلی اورجماعت اسلامی کے احتجاج کی تائید کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ان 15 روز میں ہم سے جڑ ے، ہماری آواز 15 روز میں پاکستان کے ہر گھر میں پہنچ چکی ہے.